طالبات گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران گھر کی صفائی کو اپنے ہوم ورک کا حصہ بنائیں۔رانا مشہود

Rana Mashhood Ahmed

Rana Mashhood Ahmed

لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے آج صوبے کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں سے پہلے طلبا و طالبات کو ڈینگی سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کرنے اور متعلقہ لٹریچر کی فراہمی کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کردیا ہے تاکہ تعلیمی اداروں کے سٹوڈنٹس چھٹیوں کے دوران اپنے گھروں میں صفائی کی مہم چلائیں اوراپنے والدین کو بھی ڈینگی سے بچنے کی تدابیر سے آگاہ کرسکیںـرانا مشہود احمد خاں نے انسدادڈینگی کی اس خصوصی مہم کا آغاز اپنے حلقہ انتخاب گلشن راوی لاہور میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اور گورنمنٹ مسلم ماڈل ہائی سکول میں ڈینگی کے آگاہی سیمینار ز کے انعقاد سے کیاـ علاقے کے مسلم لیگی کارکن محمد اقبال ڈوگر، سید عامر شاہ، حمیدالزماں گوشی بٹ، غلام عباس سیال، حاجی محمد افضل،مسز ثوبیہ بٹ، مسز نائلہ عمر،مسز فرزانہ کاظم ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کی سینئر ہیڈمسٹریس مسزروبینہ گل شبیراور گورنمنٹ مسلم ماڈل ہائی سکول کی سینئر ہیڈمسٹریس مسز پروین اختر کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب رانا حسن اختربھی اس موقع پر موجود تھے۔
ـ
وزیرتعلیم رانا مشہودا حمد خاں نے طالبات سے کہا کہ ڈینگی کے خلاف آگاہی کی مہم ایک مسلسل عمل ہے ـڈینگی بخار پھیلانے والے” ایڈیز مادہ مچھر”کی اڑان 200فٹ سے زیادہ نہیں ہوتی اور خاص قسم کا یہ مچھر گھروں کے باہراتنا نہیں ہوتا جتنا گھروں کے اندر پایا جاتا ہےـاس لئے اس موذی مچھر کو ”گھر کا بھیدی” بھی کہا جاتا ہے ـ ہمیں چاہیے کہ ہم ہر گھر میں صفائی کی مہم چلائیں ـاسلامی تعلیمات میں بھی مسلمانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ اپنے گھروں کو صاف رکھیں ـگھر کے اندر مچھر کی افزائش پر کنٹرول کرلیا جائے تو ہم اس سے لاحق ہونے والے ڈینگی بخار کی 80فیصد پیچیدگیوں سے بچ سکتے ہیںـاس کے لئے لازم ہے کہ ہفتے میں کم از کم 2مرتبہ گھروں کے اندر مچھر مار سپرے کروایا جائے ـ گھروں ، دفاتر ، سکولوں اور دکانوں وغیرہ میں صفائی کرکے مچھر مار ادویہ کا سپرے غروب آفتاب سے ایک گھنٹہ قبل کیا جائے اور دروازے اگلے ایک گھنٹے کے لئے بند رکھے جائیںـگھر کے تمام افراد اپنے ہاتھ پاؤں پر مچھر بھگاؤ لوشن لگا کر سوئیں ـ صاف پانی جمع کرنے کے برتنوں کو صحیح طور پر ڈھانپ کررکھا جائے۔

گملوں ، کنالیوں ، ایئرکولرزاورفریج کی ٹرے کا پانی روزانہ تبدیل کیا جائے اور چھتوں کے اوپرموجود کاٹھ کباڑ میں بارش کا پانی جمع نہ ہونے دیںـوزیرتعلیم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ گزشتہ 2سال کے دوران تعلیمی اداروں میں انسدادڈینگی مہم کے حوالے سے ضروری اقدامات کے نتیجے میں سکولوں میں ماحول صاف ستھرا ہوگیا ہے ـانہوں نے ہدایت کی کہ ہر سرکاری سکول میں گرمیوں کی چھٹیوں سے پہلے روزانہ ”زیروپیریڈ” میں عام بیماریوں کے علاوہ ڈینگی سے بچاؤ کے بارے میں بچوں کو تفصیل کے ساتھ آگاہی دی جائے۔

انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ گھر کی صفائی کو اپنے ہوم ورک کا حصہ بنائیں اور اپنی سہیلیوں کو بھی یہ آگاہی دیں کہ صفائی کا خیال رکھے بغیر معاشرے کو صحت مند نہیں رکھا جا سکتاـاس موقع پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گلشن راوی کی 7طالبات نے انسداد ڈینگی سے متعلق ایک خوبصورت ٹیبلو پیش کیا جس پر وزیرتعلیم پنجاب نے علاقے کے مسلم لیگی کارکنوں کی جانب سے انہیں 7ہزار روپے بطور انعام دیئے۔