گوجرانوالہ (جیوڈیسک) پولیس نے مقامی ایم پی اے اور محکمہ تعلیم کے افسروں کے ہمراہ اسکول ہیڈ مسٹریس کے گھر پر چھا پہ مار کر اسکول یونیفارم میں جبری مشقت پر مامور پانچ کمسن طالبات بازیاب کروا لیں۔ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول راجکوٹ کی ہیڈ مسٹریس مسرت بی بی کے گھر کی صفائی پر مامور یہ وہ طالبات ہیں جنہیں ان کے والدین اسکول پڑھنے کے لئے بھیجتے ہیں لیکن بڑی مس نے ان معصوم بچیوں سے گھر کا کام کروانا شروع کر دیا۔
اہل علاقہ کی شکایت پر مقامی ایم پی اے توفیق احمد بٹ نے محکمہ تعلیم کے افسروں کے ہمراہ ہیڈ مسٹریس کے گھر سے پانچ بچیوں کو گھریلو کام کرتے ہوئے بر آمد کر لیا ہے۔ طالبات نے بتایا وہ روزانہ اسکول ٹائم کے دوران ہیڈ مس کے گھر میں کام کرتی تھیں جس پر ای ڈی او ایجوکیشن ایاز طارق نے ہیڈ مسٹریس مسرت بی بی کو معطل کر دیا ہے۔