اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ طلباء تنظیموں کی بحالی کیلئے جامع ضابطہ اخلاق مرتب کریں گے جس کے لئے بین الاقوامی شہرت یافتہ یونیورسٹیوں کے بہترین تجربات کو مدنظر رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے اتوار کو اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ یونیز مستقبل کی قیادت اور طلباء کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، ہم بین الاقوامی شہرت یافتہ یونیورسٹیوں کے بہترین تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے ایک ایسا ضابطہ اخلاق تشکیل دیں گے تا کہ ہم طلباء تنظیموں کو بحال کر سکیں اور وہ ملک کی مستقبل کی قیادت کے طور پر ہمارے نوجوانوں کو مثبت انداز میں نکھار سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یونیورسٹیاں مستقبل کے رہنمائوں کو تیار کرتی ہیں اور طلباء تنظیمیں اس تیاری کے عمل کا لازمی حصہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں یونیورسٹی طلباء تنظیمیں پرتشدد میدان جنگ بن گئیں جس نے یونیورسٹیوں میں فکری ماحول کو تباہ کر دیا۔