کراچی : شیخ زید اسلامک سینٹر کے ڈائریکٹر اور ممتاز اسکالر ڈاکٹر نور احمد شاہتاز نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہمیشہ سے طویل تعلیمی منصوبہ بندی کا فقدان رہا ہے، اگر اسکول، کالجز اور جامعات کے طلبہ و طالبات کے لئے مکمل تعلیمی پالیسی بنائی جائے اور انہیں پلیٹ فارم فراہم کیا جائے جہاں وہ اپنے ہنر اور اپنی صلاحتوں کا اجاگر کر سکیں تو پھر پاکستان کے طلبہ بھی عالمی سطح پر مختلف مقابلہ جات میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے صوبائی میلاد مصطفیۖ طلبہ کنونشن کے سلسلے میں آنے والے انجمن طلبہ اسلام کے وفد سے ملاقات میں شیخ زید اسلامک سینٹر کے ڈائریکٹر اور ممتاز اسکالر ڈاکٹر نور احمد شاہتاز نے کہا کہ طلبہ کی مثبت ذہن سازی اور تربیت کے ادارے قائم کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے طلبہ احساس کمتری کا شکار ہوتے ہیں ،پاکستان میں طلبہ کی بہبود اور مسائل کے حل کے لئے کوئی ادارہ نہیں ہے، انجمن طلبہ اسلام طلبہ کو آگہی اور ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے تعلیم و تربیت کے لئے بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے، حب الوطنی اور وطن دوست ذہن سازی صرف کتابوں سے ممکن نہیں ہے۔
انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے زیر اہتمام 31جنوری کے دن آرام باغ پارک کراچی میں منعقد ہونے والے صوبائی میلاد مصطفیۖ طلبہ کنونشن کے سلسلے میں آنے والے انجمن طلبہ اسلام کے وفد سے ملاقات میںشعبہ اسلامی تاریخ کے پروفیر اور مایہ ناز مصنف ڈاکٹر سہیل شفیق نے کہا کہ میلاد مصطفیۖ کے عنوان سے ہونے والے طلبہ کنونشن سے نیک امیدیں وابستہ ہیں، دعا ہے کہ فکر مصطفی کریم ۖ صحیح طریقے سے نافذ العمل ہوجائے، علم دوستی مشن پر کام کرنے والی ہر طلبہ جماعت کے ساتھ ہیں،مگر انجمن طبہ اسلام منفرد نظر آتی ہے، انجمن طلبہ اسلام کی بنیاد مفتی جمیل احمد نعیمی نے رکھی جو کہ خود بھی شیخ الحدیث کے درجے کے مفتی اور عالم دین ہیں، اسلاف کی جماعت سے بہترین طلبہ کا قافلہ ہر دور میں اپنی اپنی ڈمہ داریاں ادا کرتا رہا ہے، اس موقع پر انجمن طلبہ اسلام کے وفد میں شامل صوبائی جنرل سیکرٹری نبیل مصطفائی نے کہا کہ اساتذہ قوم کا اثاثہ ہیں، مگر آئے دن مختلف متشدد طلبہ جماعتوں کی طرف سے اساتذہ کے ساتھ بد تمیزی و زدو کوب کے مسائل دیکھنے کو ملتے ہیں جو کہ قابل افسوس اور باعث شرم ہے۔
انجمن طلبہ اسلام کے طلبہ اپنے استادوں کی دل سے عزت اور احترام کرتے ہیں، انجمن طلبہ اسلام جامعہ کراچی کے ناظم عبداللہ نورانی نے کہا کہ انجمن طلبہ اسلام طلبہ کی نمائندہ جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ طلبہ مسائل اور طلبہ کی صحیح اسلامی تربیت کی بات کی ہے، 31جنوری آرام باغ پارک کراچی میں سندھ کی طلبہ سیاست کی تاریخ کا سب سے منفرد طلبہ کنونشن منعقد کرینگے، وفد میں انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ اور کراچی ڈویژن کے اراکین نے شرکت کی۔