طالب علموں کی رجسٹریشن کر کے انہیں انسداد ڈینگی مہم کے لیے کارڈ جاری کئے جائیں: سہیل شوکت

Dengue

Dengue

لاہور : ممبرقومی اسمبلی و چیئرمین ڈینگی رسپانس کمیٹی واہگہ ٹائون سہیل شوکت بٹ نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خلاف جنگ میں زیادہ سے زیادہ عوامی طبقات کو شامل کیا جائے اور رضا کاروں اور طالب علموں کی رجسٹریشن کر کے انہیں انسدادڈینگی مہم کے لیے کارڈ جاری کئے جائیں۔یہ بات انہوں نے آج واہگہ ٹائون آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میںایم پی اے ملک حبیب اعوان، سیکرٹری ماحولیات محمد انور رشید ، ایڈمنسٹریٹر واہگہ ٹائون میاں نذیر ، ٹی ایم او واہگہ ٹائون احسان سرورزیدی کے علاوہ ای ڈی اوز محکمہ صحت، تعلیم ، واسا، ماہی گیری اور ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران بھی موجود تھے۔ میڈیا ورلڈ لائن کے مطابق اجلاس میں ڈینگی کے خلاف مہم کی کارکردگی اور آئندہ اہداف کے بارے تفصیلی غور و خوص ہوا۔

ممبر قومی اسمبلی نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف سماجی تنظیموں کا کردار انتہائی اہمیت رکھتاہے ایسی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ اپنے وسائل بھرپور طریقے سے ڈینگی کے خاتمہ کے لیے استعمال میں لا سکے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری ماحولیات محمد انور رشید نے کہا کہ محکمہ ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ خالی پلاٹوں میں صفائی کرائے تاکہ بارش کا پانی کھڑا نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ لاروا کی نشاندہی پر عملہ سرویلنس فوری عمل درآمد کرتے ہوئے لاروا کو تلف کرے اور جس جگہ لاروا کی نشاندہی کی گئی ہے اس کے ارد گرد کے تمام گھروں میں سپرے کیا جائے اجلاس میں بتایا گیا کہ واہگہ ٹائون کی تمام یونین کونسلز کے سیکرٹریز کو واضع ہدایات ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھے اور سپرے کرائیں۔