نیویارک (جیوڈیسک) ہالی ووڈ کے سیا ہ فام فنکاروں کی جانب سے آسکرز ایوارڈز کا بائیکاٹ کئے جانے پر ایوارڈز کے آرگنائزر امریکی فلم اکیڈمی نے خواتین اور اقلیتوں کے لئے اپنی رکنیت دوگنی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آسکر بائیکاٹ کا آغاز ہالی ووڈ کے ہدایتکار سپائیک لی اور اداکارہ جاڈا پنکٹ سمتھ کی جانب سے ہوا جس کے بعد ہالی ووڈ کے مشہور اداکار وِل سمتھ نے بھی ایوارڈز میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ۔ آسکر ایوارڈز کی نامزدگیوں میں زیادہ تر سفید فام فنکاروں کی موجودگی کے باعث تقریب کا بائیکاٹ کرنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
صورتحال کے پیش نظر آسکرز منعقد کرنے والی امریکی فلم اکیڈمی نے 2020 تک اپنی رکنیت کو خواتین اور اقلیتوں کے لئے دوگنا کرنے کا اعلان کر دیا۔ اکیڈمی کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے کمیٹی کے نئے ممبر نامزدگیوں کے انتخاب میں بہتر کردار ادا کر سکیں گے۔