گھوٹکی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 7 پر ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ پیپلزپارٹی کے عبدالباری خان پتافی اور مسلم لیگ فنکشنل کے عبدالمالک کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
پی ایس 7 میں مجموعی طور پر 164 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 103 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیئے گئے، 3500 پولیس اور رینجرز کے جوان سکیورٹی کیلئے تعینات کئے گئے ہیں ، پی ایس 7 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 79 ہزار 843 ہے جن میں سے ایک لاکھ 2 ہزار 676 مرد ووٹرز اور 77 ہزار 168 خواتین ووٹرز ہیں۔ یہ نشست پیپلزپاٹی کے سردار احمد علی پتافی کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق ، پی ایس 7 ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی دو حصوں میں تقسیم ہو گئی، پیپلز پارٹی کے امیدوار کو اپنی ہی جماعت کے ایم این اے کی مخالفت کا سامنا ہے، علی گوہر مہر کی تصاویر فنکشنل لیگ کے امیدوار کے پوسٹر پر آویزاں ہے، ایم این اے علی گوہر مہر اپنے حریف خالد خان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت پر ناراض ہیں اور وہ فنکشنل لیگ کے امیدوار کو سپورٹ کر رہے ہیں۔