نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم کی والدہ محترمہ کی ایصال ثواب کے لیے الفلاح ہال میں قرآن خوانی

اسلام آباد : نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم کی والدہ محترمہ کی ایصال ثواب کے لیے الفلاح ہال میں قرآن خوانی اور اجتماعی دُعا کی پُر وقار محفل کااہتمام کیا گیا۔اس موقع پر اسلام آباد کے ممتاز عالم دین مولانا حبیب الرحمن نے مرحومہ کی مغفرت کی دُعا کرو ائی اس موقع پر سیکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے قرآن خوانی اور دُعا مغفرت میں شرکت کی۔

محفل سے خطاب کرتے ہوئے مرحومہ کے فرزند اور جماعت اسلامی کے رہنماء میاں محمد اسلم نے اپنی والدہ کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ آج اُن ہی کی تربیت دُعا کی وجہ سے ہم اس مقام پر پہنچے ہیں اور آج کی یہ تقریب اس بات کے عزم کو دوہراتی ہے کہ ہم میں سے ہر شخص نے اپنے اپنے وقت پر اس دنیا سے رخصت ہو جانا ہے۔ دنیا کی زندگی ایک مومن کے لیے امتحان گاہ ہے جہاں پر جو عمل کیا جا ئے گا موت کے بعد اس کا حساب لیا جائے گا۔

انھوں نے کہا خوش قسمت لوگ وہ ہیں جو اپنی زندگی اللہ کی اطاعت میں گزار کر رخصت ہو جاتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنی پوری زندگی میں دین کو نافذ کیا جائے معاشرے کے تمام دائروں میں االلہ کے نظام کو نافذ کر نے کی جدوجہد کی جائے اور زندگی اللہ کے فرمابردار بندے کے طور پر گزاری جائے آخرت کی ہمیشہ کی زندگی کا دارومدار اسی پر ہے۔