پشاور (جیوڈیسک) این اے 4 پشاور کے ضمنی انتخاب میں جے یو آئی ف کی حمایت حاصل کرنے کے لئے ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے سر توڑ کوشش شروع کر دی۔ دونوں جماعتوں کے وفود نے مولانا فضل الرحمن سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ تاہم مولانا کا کہنا ہے کہ فیصلہ پارٹی مشاورت کے بعد کریں گے۔
ن لیگ کے وفد نے انجینئر امیر مقام کی قیادت میں فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی اور وزیر مذہبی امور سردار یوسف بھی موجود تھے۔ ملاقات میں این اے 4 کی انتخابی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان سے فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق، پیپلز پارٹی کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے اپنا امیدوار دستبردار کرنے کی درخواست کی۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر قیوم سومرو نے کہا کہ ملاقات مثبت رہی، اپوزیشن کا متفقہ امیدوار چاہتے ہیں۔
دوسری جانب قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ نے اپنا امیدوار ن لیگ کے حق میں دستبردار کر دیا۔