لاہور (جیوڈیسک) موسیقار نثار بزمی برصغیر کی فلمی دنیا کا ایسا ستارہ تھے جن کی دھنیں کئی برسوں تک کانوں میں رس گھولتی رہیں گی۔ 1924 میں ممبئی میں پیدا ہونے والے نثار بزمی نے اپنے فنی سفر کا آغاز بمبئی ریڈیو سے کیا جہاں انہوں نے ریڈیو ڈراموں کے لئے موسیقی ترتیب دی۔
بطور موسیقار ان کی پہلی فلم جمنا پار تھی۔ جو 1946 میں ریلیز ہوئی۔ نثار بزمی نے اپنی زندگی میں نوے سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی اور متعدد نئے گلوکاروں کو بھی متعارف کروایا۔
فلمی کیرئیر میں نثار بزمی نے 40 کے قریب بھارتی اور 60 کے لگ بھگ پاکستانی فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران متعدد ایوارڈ حاصل کئے۔
نثار بزمی کی آخری فلم ویری گڈ دنیا ویری بیڈ لوگ تھی جو 1998 میں ریلیز ہوئی۔ فلمی موسیقی کی دنیا پر 63 سال تک راج کرنے بعد نثار بزمی 22 مارچ 2007 کو خالق حقیقی سے جا ملے۔