ممبئی (جیوڈیسک) برصغیر کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار آج 90 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ بالی وڈ میں دلیپ کمار کے نام سے شہرت پانے والے یوسف خان 11 دسمبر 1922 کو پاکستان کے شہر پشاور میں پیدا ہو ئے۔
دلیپ کمار نے اپنے طویل فلمی کیرئیر کے دوران، مغل اعظم، ملن، جگنو، شہید، ندیا کے پار، انداز جوگن، بابل، آرزو، ترانہ، دیوداس، نیادور، مشعل سمیت کئی شاہکار فلموں میں عمدہ اداکاری کے جوہر دکھائے، تاہم 1960 میں تاریخی فلم “مغلِ اعظم” میں شہزادہ سلیم کا کردار ان کی زندگی کا یادگار کردار بن گیا۔
انہوں نے ہرقسم کے کردارانتہائی مہارت اورخوبصورتی سے نبھائے، لیکن مکالموں کی مخصوص لہجے میں ادائیگی کے سبب انہیں کنگ آف ٹریجڈی کے اعزاز سے نوازا گیا۔
دلیپ کمارکی فنی خدمات کے پیشِ نظر انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے پدما بھوشن ، دادا صاحب پھالکے ایوارڈز عطا کیے گئے، جبکہ اپنی شاندار اداکاری پر بے شمار بھی ایوارڈز جیتے۔ 1998 میں فلم کنارہ میں کام کرنے کے بعد دلیپ کمار نے فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔