برصغیر میں غیر یقینی صورتحال سے ایٹمی جنگ کا خطرہ ہے: امریکہ

America

America

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ نے کہا ہے کہ برصغیر میں غیر یقینی سیاسی صورت حال سے ایٹمی جنگ کا خطرہ لاحق ہے۔ پاکستان اور بھارت کو تعلقات بہتر بنانے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہیے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان نے واشنگٹن میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ برصغیر میں قیام امن اور استحکام کے لئے دو نیو کلیئر طاقتوں کے درمیان بہتر تعلقات ناگزیر ہیں۔

امریکہ پرامید ہے کہ دونوں پڑوسی ممالک اپنے تعلقات کو بہتر بنانے اور خطے میں امن و سلامتی کے لئے کوششوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور مثبت سوچ کے ساتھ ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بہتر سے بہتر بنانے اور کشیدگی و تنائو کو ختم کرنے کے لئے امریکہ تعاون کرتا رہے گا۔ مذاکرات کے جامع عمل سے دونوں ممالک کے درمیان مسائل کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات سے ہی خطے میں اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ حال ہی میں نو منتخب وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف کی شرکت دونوں ممالک کے رہنمائوں کے درمیان ون آن ون ملاقات کو بہتر تعلقات کے حوالے سے خوش آئند قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک امن وامان کے خواہاں ہیں۔

امید ہے کہ بھارت میں نئی سرکار اور اسلام آباد میں نواز شریف کی حکومت آپس کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے ہر سطح پر اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان خوشگوار تعلقات کی کرن نظر آرہی ہے امید ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب تر قریب آ جائیں گے دونوں ممالک کو خطے کی سلامتی کے لئے اپنے تعلقات کو بہتر بنانا لازمی ہے۔