ناقص میٹریل سے تیار کھانے انسانی صحت کی تباہی کا باعث بننے لگے

Food

Food

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) شہر اور مضافاتی علاقوں میں غیر معیاری پکوانوں کی تیاری میں مصروف کیفے،ہوٹل مالکان انسانی جانوں سے کھیلنے میں مصروف ۔ کوئی بھی اتھارٹی معیار کو چیک نہیں کرتی کھلی چھوٹ کی وجہ سے سستے، کھلے غیرمعیاری گھی اور ناقص مصالحہ جات کا استعمال کیا جاتا ہے۔ناقص میٹریل سے تیار کھانے انسانی صحت کی تباہی کا باعث بننے لگے۔

شہریوں کا ڈی سی اوگوجرانوالہ، وزیر اعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ وزیرآباد شہرکے مصروف ترین پوائنٹس کچہری چوک، احمد نگر روڈ، مولانا ظفر علی خاں چوک، ریل بازار اور دیگر مقامات پر کھلے ہوٹلوں میں ایک عرصہ سے غیرمعیاری کھانے تیار کر کے مہنگے داموں فروخت کئے جاتے ہیں۔ تلی ہوئی مچھلی کا کام کرنے والے بیشتر افراد کیمیکل زدہ مچھلی گوشت کے علاوہ ناقص اورتیسرے درجے کا گھی استعمال کر کے ہزاروں روپے فی کلو تک مچھلی فروخت کرتے ہیں۔اسی طرح مختلف فوڈ کارنرز پر دہی بھلوں اور فروٹ چاٹ کے نام پر لوگوں کو روایتی دہی اور دودھ کی بجائے کیمیکل کھلائے جارہے ہیں۔

ہوٹلوں پر غیر معیاری گھی استعمال کرنے کے علاوہ کھانوں کو ذائقہ دار بنانے کیلئے چربی کااستعمال کیا جاتا ہے اور اس بات کی بھی کہیں کوئی گارنٹی نہیں دی جاتی کہ چربی حرام جانوروں کی تو نہیں جبکہ کھانوں میں سستے اورناقص مصالحہ جات استعمال کئے جاتے ہیں کسی بھی جگہ کوئی فوڈ اتھارٹی ان ہوٹلوں کو چیک نہیں کرتی ۔ عوامی، سماجی حلقوں نے اس لاقانونیت پر زبردست احتجاج کرتے ہوئے حکام بالاسے فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔