ہنگو (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں ضرب عضب کامیابی جاری ہے، دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران غیر ملکیوں سمیت سترہ دہشت گرد مارے گئے ، سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے میں 12 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
وادی تیرا میں جھڑپ کے دوران سات دہشتگرد مارے گئے. شمالی وزیر ستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران شدت پسندوں نے سیکورٹی فورسز پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران سترہ دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں۔ دوسری طرف ہنگو کے علاقے شیرین درہ میں شدت پسندوں نے سیکورٹی فورسزکی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں 12 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔
شدت پسند ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر بھاگ اٹھے ، واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ دوسری جانب وادی تیرا میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں سات دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔