کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کراچی کے صدر شیخ محمد سعید چائولہ ،جنرل سیکریٹری اعجاز بلوچ ،سیکریٹری اطلاعات علی شاد اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کے تمام عہدیداران نے ککری گرائونڈ جلسہ عام کی عظیم الشان کامیابی پیپلز پارٹی سندھ کے صدر و وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،بالخصوص پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن جنرل سیکریٹری نجمی عالم اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پیپلز پارٹی ایسٹ کے عہدیداران نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے سٹی ایریاز و ذیلی ونگز خصوصاً کراچی کے غیور عوام کوجلسہ عام میں بھر پور شرکت کرنے پر شکریہ اداکرتے ہوئے کارکنان اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ جلسہ عام کی کامیابی کی وجہ عوام کی پیپلز پارٹی سے والہانہ محبت کا اظہار ہے ۔ڈسٹرکٹ ایسٹ کے عہدیداران نے کہاکہ پیپلز پارٹی آج بھی جمہوریت پسند عوام کے دلوں میں روز اول کی طرح چمکتا ستارہ ہے۔
جلسہ کی کامیابی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف منفی پروپگنڈہ کرنے والوں کی زبانیں بند ہوجائیں گی اور انشا اللہ اب شہر کراچی کے عوام پیپلز پارٹی کے پرچم تھام کر شہر سے دہشت گردی ،لاقانونیت اور نفرتوں کا خاتمہ کرکے روشن ،چمکتا اور دمکتا کراچی بنا نے کے لئے میدان عمل میں آچکے ہیں۔