کراچی : چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کے حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونیوالے عہدیداروں سے پریس کلب میں ملاقات کی اور کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
نومنتخب صدر سراج احمد، سیکریٹری مقصوداحمد ، جوائنٹ سیکریٹری نعمت خان اور دیگر ممبران سے گفتگو کے دوران ریحان ہاشمی نے کہا کہ حق و صداقت کے آواز بلندکرنے کے لئے سچی صحافت کی جدوجہدمیں صحافیوں کے شانہ بشانہ شامل رہیں گے۔
انہوں نے امید ظاہرکی کہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیدار عوام کے مسائل کے حل، حکومت کے اعمال کی اچھائی اور خامی کی نشاندہی اور انسانیت کی سربلندی کے لئے شعبہء صحافت کے اعلیٰ ترین کردار اور اقدار کو قائم رکھتے ہوئے اپنا کردار اداکرتے رہیں گے۔
اس موقع پر ریحان ہاشمی نے کہا کہ وہ حکومتِ سندھ کی جانب سے صحافیوں کی بہبود کے لئے اعلان کردہ پانچ کروڑ روپے کے اینڈومنٹ فنڈ کے معاملے کو اپنے پلیٹ فارم سے اُٹھائیں گے تاکہ قوم کا دکھ درد سمجھنے والے صحافیوں کی بہبود کے لئے بھی کوئی راستہ نکالا جا سکے۔
انہوں نے بلدیہ وسطی کی جانب سے پریس کلب میں موجود پیڑ ،پودوں اور سبزے کی دیکھ بھال کی ذمہ داری اُٹھانے کی پیش کش بھی کی۔اس موقع پر نومنتخب عہدیداروں کی کامیابی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔