سوڈان : سرامکس فیکٹری میں گیس ٹینکر پھٹنے سے آتش زدگی، 23 افراد ہلاک، 130 زخمی

Sudan Factory Fire

Sudan Factory Fire

خرطوم (اصل میڈیا ڈیسک) سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ایک سرامکس فیکٹری میں گیس ٹینکر کے پھٹنے سےآگ لگ گئی جس سے 23 افراد ہلاک اور 130 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔

سوڈانی حکام کے مطابق خرطوم کے شمال میں صنعتی زون میں واقع ٹائلیں بنانے والی فیکٹری میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی تھی،اس کے بعد سیاہ دھویں کے بادل آسمان کی جانب بلند ہورہے تھے۔سوڈانی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گیس کا ٹینکر فیکٹری میں اتارتے ہوئے دھماکے سے پھٹ گیا تھا اور اس سے فیکٹری مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔

دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے ٹینکر نزدیک واقع دوسری لاٹ میں جاگرا۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکا بہت زوردار تھا اور فیکٹری کے احاطے میں کھڑی بہت سے کاریں بھی آگ لگنے سے مکمل طور پر جل گئی ہیں۔

واقعے کی ویڈیو فوٹیج میں حادثے کی جگہ پر لوگوں کو بھاگتے اور مدد کے لیے پکارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ فیکٹری سے سیاہ دھویں کے بادل بلند ہورہے ہیں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار اور رضا کار فیکٹری کے مختلف حصوں میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔

جائے وقوعہ پر موجود حسین عمر نامی ایک رضاکار نے بتایا کہ اس نے تباہ شدہ فیکٹری سے چودہ لاشیں نکالی ہیں اور وہ مکمل طور پر جل چکی تھیں۔سوڈانی حکومت نے شہریوں سے خون عطیہ کرنے کی اپیل کی ہے تا کہ زخمیوں کے علاج میں کام آسکے۔

طبّی ذرائع کے مطابق زندہ جل مرنے والے فیکٹری ملازمین اور مجروحین میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے شہری شامل ہیں۔ ان میں بعض ایشیائی باشندے بھی ہیں۔

پولیس نے آتش زدگی کے واقعے کے بعد تمام علاقے کا گھیراؤ کر لیا تھا۔سوڈان کی احتجاجی تحریک سے وابستہ ڈاکٹروں کی ایک کمیٹی نے واقعے کے فوری بعد آتش زدگی سے سولہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ ایک سو سے زیادہ زخمیوں کو خرطوم کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

کمیٹی نے ڈیوٹی پر موجود نہ ہونے والے تمام ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے فوری طور پر اپنے اپنے اسپتالوں میں پہنچ جائیں ۔طبی حکام کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کے پیش نظر ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

سوڈانی حکومت نے ابتدائی تحقیقات اور مشاہدے کی روشنی میں بتایا ہے کہ ’’فیکٹری میں ضروری حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے تھے اور آگ بجھانے والے ضروری آلات بھی موجود نہیں تھے۔اس کے علاوہ آتش گیر مواد کو کسی مخصوص جگہ کے بجائے ایسے ہی غیر محفوظ انداز میں رکھا گیا تھا۔‘‘