سوڈان: منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے الزامات میں عمر البشیر سے تحقیقات

Omar al-Bashir

Omar al-Bashir

سوڈان (جیوڈیسک) سوڈان میں نامزد پراسیکیوٹر جنرل الولید سید احمد محمود نے معزول صدر عمر البشیر سے تحقیقات کیں۔ یہ پوچھ گچھ غیر ملکی کرنسی سے متعلق قانون کے سیکشن 6/1 اور منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے فنڈنگ سے متعلق قانون کے سیکشن 15 کے تحت عمل میں آئی۔

علاوہ ازیں نامزد پراسیکیوٹر نے سابقہ دور حکومت کے ذمے داران کی جانب سے مشتبہ لین دین کے حوالے سے بھی تحقیقات کیں اور اس معاملے کو انسداد بدعنوانی کے محکمے کے حوالے کیا۔

سوڈانی عبوری کونسل کے نائب سربراہ جنرل محمد حمدان دقلو (حميدتی) نے سوڈانی عوام کی بیداری پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ سابق صدر عمر البشیر جیل میں ہیں۔ دقلو کا کہنا تھا کہ البشیر کے خاندان کا جو فرد بھی بدعنوانی کے جرائم میں ملوث ہوا اس کا احتساب عمل میں آئے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ احتساب سیاسی وابستگی کی بنیاد پر نہیں بلکہ عہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی بنیاد پر ہو گا۔

چند روز قبل سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ادارے کے ایک سیمینار میں دقلو نے اس امر کی تصدیق کی تھی کہ سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ادارے کی تحلیل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے بلکہ اس کے ڈھانچے کی از سر نو تشکیل عمل میں لائی جائے گی تا کہ یہ ایک قومی ادارہ بن سکے۔

ریپڈ سپورٹ فورسز کے کمانڈر دقلو نے انٹیلی جنس ادارے کے عناصر سے مطالبہ کیا کہ وہ معزول حکومت کے ساتھ اپنی وابستگی کو بھول کر خود کو صرف سوڈان کے ساتھ وابستہ کریں۔ انہوں نے باور کرایا کہ عسکری کونسل صرف بدعنوان عناصر کو نشانہ بنا رہی ہے اور کسی کے ساتھ حساب چکانے کا ارادہ نہیں رکھتی۔