مصائب اور مشکلات نواز شریف کے عزم کو شکست نہیں دے سکتیں : خرم دستگیر خان

گوجرانوالہ : وزیرمملکت برائے نجکاری انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ مصائب اورمشکلات نواز شریف کے عزم کو شکست نہیں دے سکتیں، مسلم لیگ ن قوم کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے سرگرم عمل ہے ،ترقی یافتہ اور روشن پاکستان کی منزل کا حصول مشکل ضرور ہے۔

مگر ناممکن نہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر کھوکھرکی سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں و کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک کو مصیبتوں کے گرداب سے نکالنے کے لئے دن رات کو شاں ہیں،سابق حکمرانوں کی پانچ سالہ لوٹ مارکی وجہ سے تباہ حال قومی اداروں کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرنا مسلم لیگ ن کی حکومت کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔

مسلم لیگ ن کی پوری ٹیم قوم کو درپیش مسائل سے نبرد آزما ہو رہی ہے اور وہ وقت دور نہیں ہے جب پاکستان کی روشنیاں بحال ہوجائیں گی، ملک سے غربت مہنگائی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا اور ہر پاکستانی عزت کے ساتھ امن و سکون والی زندگی بسر کرے گا،انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں اور تما م مشکلات کے باوجود وہ پر عزم ہیں کہ وہ پاکستان کو ایک باوقار اور ترقی یافتہ ملک بنائیں گے، اس موقع پر لالہ ظہیر احمد، حاجی فیصل پرویز، یوسف مغل، ولی الرحمٰن خان اور دیگر بھی موجود تھے۔