لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) بنکنگ عدالت نے شوگر ملز انکوائری کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
شوگر ملز انکوائری کیس میں ایف آئی اے بنکنگ جرائم کورٹ لاہور میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی تو دونوں سیاسی رہنما پیش ہوئے۔ ڈیوٹی جج محمد اسلم گوندل نے پوچھا کہ الزام کیا ہے اور تفتیش کس مرحلے پر ہے۔
ایف آئی اے کے تفتیشی افسر علی رضا نے جواب دیا کہ کچھ اکاؤنٹس کھولے گئے جس میں مشکوک ترسیلات ہوئیں، ملزمان پر الزام ہے کہ رمضان شوگر مل کے ملازمین کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی۔ شہباز شریف نے روسٹرم پر آکر کہا کہ میرا رمضان شوگر ملز سے کوئی تعلق نہیں۔
عدالت نے جاری تفتیش پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے کہا کہ بتائیں 2 مہینوں میں دو سے چار لائنیں لکھنے کے علاوہ کیا کیا ہے، آپ کی ڈائری تو بتا رہی ہے کہ کچھ بھی نہیں ہورہا، آپ تفتیش مکمل کریں، آئندہ سماعت پر ڈی جی ایف آئی اے پیش ہوں۔
عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت میں 25 ستمبر تک توسیع کردی۔