فیصل آباد (سٹی رپورٹر) فیصل آباد کے شہری حلقہ پی پی 67 اور این اے 83 کے علاقہ باغبان پورہ، محلہ عباس پارک، مہندی محلہ، نصیر آباد، مغل پورہ، سنت سنگھ والا اور دیگر ملحقہ آبادیوں میں محکمہ سوئی گیس حکام کی مجرمانہ غفلت کے باعث گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی، صبح شام کے اوقات میں کھانے بنانے کے وقت لوگوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ، لوگ ناشتہ اور شام کے کھانے کے لئے تندوروں پر دھکے کھانے لگے علاقہ کے تندور مالکان کی موجیں لگ گئیں ،روٹی اور سالن کے دام میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔
حلقہ ممبر صوبائی اسمبلی کے پاس عوام کی شکائتیں سننے کا بھی وقت موجود نہیں رہا ،علاقہ مکینوں کا ڈی سی او سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق با غبان پورہ ،محلہ احمد ،سنت سنگھ والا کی آبادی میں محکمہ سوئی گیس حکام نے اپنی انجانی دشمنی کا بدلہ لینا شروع کردیا ہے اس علاقے میں پچھلے ایک ماہ سے گھریلو صارفین کو فراہم کی جانے والی گیس بالکل بند ہوگئی ہے جس کی وجہ سے اس علاقے کے رہائشیوں کو شدید کوفت میں مبتلا ہیں ، با غبان پورہ علاقہ کے سینکڑوں مکین محکمہ سوئی گیس حکام کوکوستے نظر آئے علاقہ کے رہائشیوں کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں پہلے تو کم از کم کھانا بنانے کے اوقات میں گیس آجاتی اور چولہے معمولی جل جاتے تھے لیکن پچھلے ایک ماہ سے با غبان پورہ کی گھریلو گیس بالکل بند ہے جس کی وجہ سے صبح کو سکول و کالج جانے والے طلباء طالبات اور دفاتر جانے والے شہریوں کو ناشتہ کئے بغیر ہی جانا پڑتا ہے کیونکہ گیس نہ آنے کی وجہ سے ناشتہ بنتا ہی نہیں ہے اور لوگوں کو ہوٹلز کا رخ کرنا پڑتا ہے تو ہوٹلز مالکان نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ ڈالتے ہوئے روٹی ،نان اور سالن کے دام دوگنا کرکے عوام کا خون نچوڑنا شروع کر دیا ہے۔
علاقہ مکینوںکا کہنا تھا کہ شام کے اوقات میں بھی یہی صورتحال ہے ، با غبان پورہ کے مکینوں نے ڈی سی او فیصل آباد سردار نورالامین مینگل سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ سوئی گیس حکام کا قبلہ درست کرتے ہوئے فوری طورپر اس علاقے سے گیس لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرواتے ہوئے گیس بحال کروائی جائے تاکہ لوگوں اس بدترین صورتحال سے نجات مل سکے۔