لاہور (جیوڈیسک) سوئی کے مقام پر پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے گیس پروسسیسنگ پلانٹ کی مرمت کا کام ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا، صنعت اور سی این جی کو گیس مکمل بند جبکہ گھریلو صارفین بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔
سوئی ناردرن حکام کے مطابق پلانٹ میں ہفتہ کے روز آتشزدگی سے بوائلر اور 16 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچا تھا جس سے سوئی ناردرن کو پلانٹ میں خرابی سے 240 ملین کیوبک فٹ گیس سسٹم میں نہیں آ رہی۔
گیس کا مجموعی شارٹ فال 1800 ملین کیوبک فٹ تک پہنچ گیا ہے۔ پی پی ایل، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کی مشترکہ ٹیمیں گیس بحالی کا کام کر رہی ہیں لیکن تاحال اس میں کامیاب نہیں ہو سکی جس سے پنجاب میں گیس کا شدید ترین بحران ہے اور ہفتہ کے روز سے ٹیکسٹائل سیکٹر کو بھی گیس فراہمی بند کر دی گئی ہے جبکہ گھریلو صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے اور لاہور میں گھریلو صارفین کو صبح پانچ سے نو اور شام کو بھی پانچ سے نو بجے گیس فراہم کی جا رہی ہے تاہم ان اوقات کار میں بھی پریشر کی کمی کا مسلہ درپیش ہے۔