کراچی (جیوڈیسک) سوئی سدرن گیس کے میٹر پلانٹ نے میٹرزکی تیاری میں ریکارڈ قائم کردیا ہے اورسال 2013-14 کے ٹارگٹ کو 10 ماہ میں ہی پورا کرتے ہوئے پلانٹ کے کارکنوں اور ہنرمندوں نے 7 لاکھ 50 ہزارگیس میٹر تیار کرلیے۔
ہدف کو 2 ماہ قبل ہی پورا کردینے پر انتظامیہ نے میٹر پلانٹ کے ہنر مند ورکروں کی ستائش کیلیے تقریب کا انعقاد کیا جس میں ایم ڈی زوہیر صدیقی مہمان خصوصی تھے۔ زوہیر صدیقی نے اپنے خطاب میں کہاکہ میٹر پلانٹ کے کارکنوں نے بغیر کسی اضافی اوور ٹائم اور مراعات کے اس سال کے ہدف کو 10 ماہ ہی میں حاصل کرکے کارنامہ سرانجام دیا ہے جو انتہائی قابل ستائش امر ہے۔
انہوں نے میٹر پلانٹ کے تمام کارکنوں کیلیے 3 ہزار روپے نقد بونس اور تنخواہوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔ میٹر پلانٹ کے جنرل مینیجر سعید رضوی نے پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ مالی سال کے دوران ہم انشاء اللہ 10 لاکھ گیس میٹر تیار کریں گے۔ ورکرز کی جانب سے پیپلز لیبر یونین کے چیئرمین اسلم راجپوت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمارے ورکرز آئندہ سال کے ہدف کو پورا کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔