حمص (جیوڈیسک) شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ نے بتایا ہے کہ حمص شہر میں سکیورٹی اداروں کے صدر دفاتر پر دو خودکش حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 42 ہو گئی ہے۔ ہلاک شدگان میں حمص میں شامی فوجی انٹیلی جنس کی شاخ کا سربراہ جنرل حسن دعبول بھی شامل ہے۔
نگراں گروپ کے مطابق پہلی کارروائی میں شامی حکومت کے زیر کنٹرول تیسرے شہر حُمص میں ریاستی سکیورٹی کے صدر دفتر اور دوسری میں فوجی انٹیلی جنس کے صدر دفتر کو نشانہ بنایا گیا۔
حُمص شہر میں ان دنوں شامی حکومت اور بشار نواز مسلح عناصر کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ سکیورٹی اداروں کے مراکز پر ہونے والے ان حملوں کو روکا جا سکے۔
دوسری جانب شامی اپوزیشن کے گروپوں نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب حمص کے نواح میں بشار حکومت کے زیر کنٹرول گاؤں جبورین کے علاقوں پر راکٹ گرینیڈز داغے۔ ادھر شامی لڑاکا طیاروں نے گزشتہ رات حمص کے شمالی نواح میں غرناطہ گاؤں کے کئی علاقوں پر بم باری کی تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔