سکھر بیراج میں اونچے اور گڈو بیراج میں نیچے درجے کا سیلاب

Sukkur Barrage Flood

Sukkur Barrage Flood

سکھر (جیوڈیسک) سکھر بیراج میں اونچے اور گڈو بیراج میں نیچے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے ستلج کا سیلابی ریلہ تیزی سے ہیڈ اسلام کی جانب بڑھ رہا ہے۔دریائے سندھ سیلابی کیفیت برقرار ہے۔ گڈو بیراج میں پانی کی سطح کم ہوگئی جس کے بعد درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ سکھر بیراج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے ، پانی کی آمد 5 لاکھ 10 کیوسک اوراخراج 4 لاکھ 55 ہزار کیوسک ہے، سیلابی ریلادادو مورو پل کی جانب بڑھ رہا ہے۔کوٹری بیراج پر بھی پانی کا بہاو 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک ہے۔ یہاں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

خیرپور میں کچے کے علاقے، لاڑکانہ میں نصرت لوپ بند اور دادو مورو پل پر بھی پانی کے دباو سے سیکڑوں دیہات اور زرعی زمین زیرآب آ گئی۔ دریائے چناب میں ہیڈ تریموں سے 1 لاکھ 95 ہزار 5 سو 45 اور ہیڈ سدھنائی سے 72 ہزار 6 سو 79 کیوسک ریلہ گزرنے کے بعد اب پانی کی سطح کم ہورہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے دریائے چناب کے پانی سے متاثر ہونے والے افراد کے لئے 4 خیمہ بستیاں قائم کر دی ہیں۔

بہاول نگر کی تحصیل منچن آباد اور چشتیاں کے درجنوں دیہات زیر آب ہیں۔دریائے ستلج کا سیلابی ریلہ تیزی سے ہیڈ اسلام کی جانب بڑھ رہا ہے۔5 تحصیلوں میں فلڈ وارنگ جاری کردی گئی ہے۔ راجن پور کی تین یونین کونسل میں سیلاب ک آلودہ پانی کھڑا ہے جس سے جلد اور پیٹ کے امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔