سکھر (جیوڈیسک) سکھر آج کل ایف آئی اے، پولیس کے ساتھ گیس اور بجلی چوری کے خلاف آپریشن میں کافی سرگرم ہے۔ سکھر میں بھی گیس چوری روکنے کے لیے ایک بیکری پر چھاپا مارا گیا، یہ چھاپا بیکری والے کو کتنا مہنگا پڑا۔ گیس چوری کے انکشاف پر محکمہ سوئی گیس کی ٹیم نے پولیس اور ایف آئی اے کی ٹیموں کے ہمراہ بیکری پر چھاپا مارا۔
گیس چوری تو پکڑی گئی لیکن بیکری کا مالک نہیں۔ سوئی گیس کا محکمہ تو بیکری مالک کے خلاف جرمانہ لگادے گا لیکن ایف آئی اے اور پولیس والوں کے ہاتھ کیا آئے گا۔یہی سوچ کر چھاپا مار اہل کار بیکری کے سامان پر ہی ٹوٹ پڑے۔ ڈبل روٹی، پاپے اور کیک پولیس موبائلوں میں اس طرح بھرے جیسے چور اچکوں کو بھرا جاتا ہے۔
جتنا سامان آیا اتنا پولیس موبائلوں میں تو بھر لیا باقی بیکری میں رکھی چینی، آٹے، میدے کی بوریاں اور گھی کے کنستر بھی تو ہیں انھیں بھی سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑیوں میں بھر کر یہ جا وہ جا۔ گاڑیاں کم پڑگئیں تو پولیس والوں نے ٹرک منگوالیا، پھر بیکری کے سامان سے بھرا ٹرک بھی لوڈ ہو گیا۔
لگتا ہے ہفتے کا نہیں، مہینے کا بھی نہیں بلکہ پورے سال کا انتظام ہو گیا۔ بیکری والے کو چوری کی گئی گیس کچھ زیادہ ہی مہنگی پڑگئی۔ ابھی جرمانہ بھی تو باقی ہے۔ ہو سکتا ہے سزا بھی ہو۔