سکھر : طویل لوڈ شیڈنگ، پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا

sukkur

sukkur

سکھر(جیوڈیسک) سکھر میں قیامت خیز گرمی کے ساتھ طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ، کروڑوں روپے لاگت کے جنریٹر ناکارہ ہونے کے باعث شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ شدید گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی ویسے ہی اجیرن کی ہوئی ہے اوپر سے رہی سہی کسر پانی کی قلت نے پوری کردی ہے شہر کے کئی علاقوں میں پانی کی سپلائی بند ہونے کے باعث شہری شدید پریشانی میں دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔

نساسک انتظامیہ کو حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے مالیت کے جنریٹر فراہم کیے گئے ہیں مگر وہ جنریٹر آج تک لوڈ شیڈنگ کے دوران چلتے ہوئے نظر نہیں آئے جبکہ ہر ماہ نساسک انتظامیہ تیل کی مد میں لاکھوں روپے وصول کرنے کے ساتھ صارفین سے ہر ماہ باقاعدگی سے پانی کے بلوں کی وصولی بھی کرتی ہے۔