کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سلیمان لاشاری قتل کیس میں ملزم چار پولیس اہلکاروں کو سات روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے۔ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان شمشیر میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے سلیمان لاشاری کے قتل کے الزام میں گرفتار پولیس اہلکاروں محمد راشد، یاسین جمالی ، مقبول احمد اور عمران علی کو درخشان پولیس نے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا،،عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا پر ملزمان کو 7 روز تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دینے کا حکم سنایا۔
پولیس نے مرکزی ملزم سلمان ابڑو کی میڈیکل رپورٹ پیش کی اور ریمانڈ مانگا۔ تاہم عدالت نے زیر علاج ملزم کا ریمانڈ دینے سے انکار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جب ملزم عدالت آنے کے قابل ہو جائے تب اسے پیش کر کے ریمانڈ لیاجائے۔ جمعرات کی رات ڈیفنس خیابان شمشیر میں ایس پی غلام سرور کے بیٹے سلمان ابڑو نے اپنے والد کے سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ فائرنگ کر کے سلیمان لاشاری کو قتل کر دیا تھا۔ سلیمان لاشاری کے گارڈ ز کی جوابی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور سلمان ابڑو اور دوسیکیورٹی گارڈ ز زخمی ہوئے تھے۔