صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایفل ٹاور کے سامنے یوم سیاہ منانے کے موقع پر کشمیریوں کا زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا
پیرس (زاہد مصطفی اعوان) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایفل ٹاور کے سامنے یوم سیاہ منانے کے موقع پر کشمیریوں کا زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا۔مظاہرین نے اس موقع پربینرز، پینا فلیکس اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کیخلاف اور کشمیر کی آزادی کیلئے نعرے درج تھے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی و جمہوری تحریک چل رہی ہے اور اس سے عوامی حمایت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
بھارت آڑٹیکل 35Aکا استعمال کرکے مقبوضہ کشمیر میں ڈیمو گرافی تبدیل کرکے مسلم آبادی کا تناسب بگاڑنا چاہتا ہے۔ دنیا بھر میں مقیم کشمیر اس مسئلے کو بھر پور انداز میں اٹھائیں اور عالمی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ڈیموگرافی تبدیل کرنے سے باز رہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت اپنا 71واں یوم آزادی منا رہا ہے جبکہ حقیقت میں بھارت جمہوریت نہیں بلکہ دنیا کی سب سے بڑی آمریت ہے جو وہاں پر مقیم اقلیتوں پر مسط ہے۔ بہت جلد بھارت کا شیرازہ بکھرنے والا ہے، بھارت بھی بہت سے حصوں میں بٹنے والا ہے۔
بھارت کشمیر پر جارحیت کر رہا ہے اور اس کا کشمیر پر قبضہ غاصبانہ اور جابرانہ ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ دنیا بھر میں کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس جو کہ سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے وہ کشمیریوں کو ان کا حق دلوانے، مقبوضہ کشمیر میں مظالم رکوانے اور مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا رول ادا کرے۔ اقوام عالم بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لیں۔ دنیا کو خاموش تماشائی نہیں بننا چاہئے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر بھارت کو مجرموں کے کٹہرے میں لانا چاہئے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لئے اپنا کردارادا کریں گی۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم یہاں پیرس کے ایفل ٹاور کے سامنے سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہانہیں بلکہ ہم انکے شانہ بہ شانہ ہیں۔ اس موقع پر مظاہرے سے زاہد ہاشمی،، چوہدری ظہیر عاطف، مسلم لیگ ن پیرس آزاد کشمیر کے صدر کے راجہ محمد اشفاق، پی ٹی آئی پیرس کے صدر ذوالفقار جتالہ، عوامی تحریک کے چوہدری اعظم، افضل زاہد، سید کفایت حسین نقوی، عمران رشید، راجہ حبیب، بشیر بوسال، چوہدری خلیل، ایاز عباسی اور کامران یوسف گھمن بھی موجود تھے۔