سلطان آباد میں 3 سالہ بچہ کھیلتے ہوئے نالے میں جاگرا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کیماڑی سلطان آباد میں کھیلتے ہوئے 3 سالہ بچہ سیوریج نالے میں گر کرجاں بحق ہو گیا، جس کی لاش فوری طور پر نہیں نکالی جاسکی، مشتعل اہل خانہ اور مکینوں نے مائی کلاچی روڈ پرٹائر نذرآتش کرکے شہری حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکس کے علاقے سلطان آباد اور ہجرت کالونی کے درمیان سے گزرنے والے نالے میں 3 سالہ محمد ولد مظفر کھیلتے ہوئے گر کر جاں بحق ہو گیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ اور مکینوں کی بڑی تعدادجمع ہوگئی اور بچے کی لاش کی تلاش شروع کر دی

پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی،پولیس نے فوری طور پر شہری حکومت کی انتظامیہ کو طلب کیا لیکن شہری حکومت کا عملہ نہیں پہنچا ،جس پر اہلخانہ اور مکین مشتعل ہوگئے ، مشتعل افراد نے مائی کلاچی روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا جس پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، مشتعل افراد نے سڑک پرٹائر نذرآتش کیے ،ہیوی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایک خاتون سمیت 5 بچے مذکورہ نالے میں گر کر زندگی کی بازی ہار چکے ہیں متعدد مرتبہ بلدیاتی اداروں کو تحریری درخواست کے ذریعے آگاہ کرچکے ہیں

لیکن افسران صرف زبانی دعوے کررہے ہیں اور کسی قسم کے اقدامات نہیں کیے جارہے جس کی وجہ سے انسانی جانوں کا ضیاع معمول بنتا جارہا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی بچہ سلطان آباد بی ایریا گلی نمبر 2 کا رہائشی تھا، پولیس نے موقع پرپہنچ کر مشتعل افرادکو بات چیت کے بعد منتشر کردیا اوریقین دلوایا کہ شہری حکومت سے بات ہوگئی ہے ،وہ بچے کی لاش نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔