اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور چین نے کوئلے سے 1320 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے لیے ایم او یو پر دستخط کر دیے ، منصوبے پر 2ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اب جو بل نہیں دے گا ، اسے بجلی بھی نہیں دیں گے۔ گڈانی میں کوئلے سے 1320 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے دو منصوبے لگانے کے لیے چینی کمپنی کے ساتھ اسلام آباد میں مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر پانی و بجلی نے کہا کہ بل نہ دینے والوں کو بجلی بھی نہیں دیں گے۔ ہم گرمیوں میں بجلی چوروں کی بجلی بند کر دیں گے بلکہ ان کے ٹرانسفارمر اتار لیں گے ان کو بجلی دیں گے جو بل دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی بجلی چوری کی روک تھام کے مشن پر ہیں۔ اس موقع پر عابد شیر علی نے کہا کہ پیسکو میں صرف مارچ کے مہینے میں ایک ارب 33 کروڑ روپے کی بجلی چوری روکی۔
سیکریٹری پانی وبجلی سیف اللہ چٹھہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار 16ہزار میگاواٹ تک تھی ، اس سال گرمیوں میں 18ہزار میگاواٹ تک لے جائیں گے۔