اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں سورج آج پھر آنکھیں دکھا رہا ہے، محکمہ موسمیات نے آج شام سے کشمیر، بلتستان، اسلام آباد، بالائی پنجاب، مالاکنڈ، قلات اور مکران ڈویژن چند مقامات پر بارش کی نوید سنائی ہے۔
گزشتہ روز ملک کے مختلف حصوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور بوندا باندی کے بعد آج گرمی نے پھر سے اپنے رنگ دکھانے شروع کر دیئے ہیں۔ راولپنڈی اسلام آباد میں تپتی دھوپ سے پارہ بڑھنے لگا ہے، باغوں کے شہر لاہور میں مطلع جزوی طور پرابر آلود ہے تاہم شہر کے بیشتر علاقوں میں تپتے سورج کا راج ہے۔
ملتان اور جنوبی پنجاب کے بعض شہروں میں بادلوں اور سورج میں انکھ مچولی جاری ہے جبکہ شام کو گرد آلود ہوائیں چلنے کیساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقے گرمی کے زیراثر ہیں اور پارہ مزید بڑھنے لگا ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے اگلے چوبیس گھنٹے میں ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم آج شام سے کشمیر، بلتستان، اسلام آباد، بالائی پنجاب ، مالاکنڈ، ہزارہ ، قلات ، مکران ڈویژن اور بالائی فاٹا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔