لاہور (جیوڈیسک) صوبائی دارلحکومت میں گزشتہ روز بھی اتوار بازاروں میں سبزی اور پھلوں کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان رہا۔ مارکیٹ کمیٹی کے مقرر نرخوں پر دکاندار سبزی اور پھل فروخت کرنے سے انکاری رہے اور زیادہ تر پھل اور سبزیاں مہنگے داموں فروخت ہوئیں۔
ٹماٹر 13 روپے کے اضافے سے 39 روپے کلو ہو گیا مگر اتوار بازار میں دستیاب نہیں تھا البتہ اتوار بازار کے باہر یہی ٹماٹر 50 اور 60 روپے کلو فروخت ہوتا رہا۔ میتھی کی قیمت 16روپے کلو مقرر تھی مگر یہ دستیاب نہیں تھی۔ البتہ اتوار بازار کے باہر میتھی 50 روپے کلو میں دستیاب تھی۔
پالک کی قیمت پانچ روپے کے اضافے سے 25 روپے کلو ہو گئی مگر پالک بھی اتوار بازاروں میں دستیاب نہیں تھی البتہ بازاروں کے باہر 50 روپے کلو میں دستیاب فروخت ہورہی تھی۔اتوار بازاروں میں فروخت کیلئے لائی گئی کل 34 سبزیوں میں سے 11 سبزیوں پیاز‘ لہسن دیسی‘ لہسن چائینہ‘ لہسن انڈیا‘ کریلے‘ کھیرا‘ ماڑو‘ بھنڈی‘ شلجم‘ چھولیا‘ کچنار کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 14سبزیوں ٹماٹر‘ ادرک تھائی لینڈ‘ مونگرے‘ پالک‘ لیموں چائینہ‘ لیموں دیسی‘ پھول گوبھی‘ سبز مرچ‘ شملہ مرچ‘ گاجر چائینہ‘ مٹر‘ مولی‘ ٹینڈیاں فارمی۔ ساگ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 9 سبزیوں آلو‘ادرک چائینہ‘ بینگن‘ میتھی‘بند گوبھی‘ گھیاکدو‘ اروی‘ گاجر دیسی‘ ٹینڈے دیسی کی قیمتیں برابر رہیں۔
اسی طرح 27 پھلوں میں سے6 پھلوں سیب کالا کولو پیاڑی‘ سیب امری‘ کنیو دوم درجن‘ انارقندھاری‘ لوکاٹ‘ چیکو کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 9 پھلوں سیب سفید‘ کنیو اول درجن‘ مالٹا شکری درجن‘ مسمی درجن‘ مالٹا سادہ درجن‘ انار بدانہ‘ امرود‘شکر قندی‘ بیرکی قیمتوں میںاضافہ ہوا جبکہ12 پھلوں سیب کالاکولو میدانی‘کیلا درجن‘ پپیتا‘ کھجور ایرانی‘ خربوزہ اول‘ خربوزہ دوم‘ گنڈیریاں‘ گریپ فروٹ‘ ناریل فی عدد‘ سٹابری اول‘ سٹابری دوم‘ تربوزکی قیمتیں برابر رہیں۔
دریں اثناء سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی انسپکشن ٹیم نے ڈسٹرکٹ آفیسر (مانیٹرنگ اینڈ انکوائری) امین اکبر چوپڑا کی سربراہی میں مختلف اتوار بازاروں کو چیک کیا جن میں مون مارکیٹ اقبال ٹائون، ماڈل ٹائون، وحدت کالونی، گلشن راوی، بیگم کوٹ، شادمان شامل ہیں۔ غیر معیاری سبزی اور پھل فروخت کرنے والوں دکانداروں کو 5,000 روپے جرمانہ کیا گیا۔