ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکاروں کے درمیان نوک جھونک اور لڑائی جھگڑوں کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں تاہم ٹیلی وژن کے مشہور کامیڈینز کپل شرما اور سنیل گروور کی لڑائی نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دی کپل شرما شو کے مرکزی اداکار اور مشہور کامیڈین سنیل گروور نے کپل شرما شو سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ اعلان انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنے ایک پیغام میں کیا۔ اس سے قبل کپل شرما نے ٹویٹر کے ذریعے سنیل گروور سے معافی مانگی تھی اور کہا تھا کہ اگر میں نے تمہارا دل دکھایا ہے تو میں معافی کا خواستگار ہوں، تمہیں پتہ ہے کہ میں تم سے کتنی محبت کرتا ہوں۔
اس کا جواب دیتے ہوئے سنیل گروور نے اپنے پیغام میں لکھا کہ جی آپ نے مجھے بہت تکلیف دی۔ آپ کے ساتھ کام کرکے مجھے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا لیکن میری آپ سے درخواست ہے کہ برائے مہربانی جانوروں کے ساتھ ساتھ انسانوں کی بھی عزت شروع کر دیں۔ زندگی میں سب آپ کی طرح ٹیلنٹڈ اور کامیاب نہیں ہوتے۔
اس سے پہلے بھی کپل شرما اور سنیل گروور کے درمیان لڑائی جھگڑے کی خبریں میڈیا میں آئیں تھی جب سنیل شو چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ تاہم بعد ازاں دونوں کے درمیان صلح ہو گئی اور سنیل واپس آ گئے تھے۔ خیال رہے کہ مشہور کامیڈین کپل شرما کا اپنے ساتھی اداکار سنیل گروور سے ہوائی سفر کے دوران جھگڑا ہو گیا تھا۔ خبریں ہیں کہ کپل شرما نے نشے کی حالت میں سنیل گروور سے لڑائی کی اور انھیں سخت برا بھلا کہا، اس کے بعد بات اتنی بڑھی کہ سنیل نے ان کا شو ہی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔