اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ انقلابی دھرنے نے متکبر حکمرانوں کی گردنوں سے سریا نکال دیا ہے۔ شریف برادران کی اقتدار سے چمٹے رہنے کی خواہش نے ملک دائو پر لگا رکھا ہے۔ اس وقت پاکستان صرف امیروں کا پاکستان ہے۔پارلیمنٹ میں حکومت کے وظیفہ خوار حق نمک ادا کر رہے ہیں۔ حکمران خوشحال اور ملک بدحال ہو چکا ہے۔ عوامی انقلاب کے نتیجے میں ظلم، استحصال، جبر اور ناانصافی کا خاتمہ ہو گا۔ قوم بہت جلد ظالم حکمرانوں سے نجات کا جشن منائے گی۔ آدھے آئین کو معطل رکھنے والے حکمرانوں پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات چلنے چاہئیں۔ نقلی جمہوریت کے علمبرداروں نے ملک و قوم کو 65 سال سے یرغمال بنا رکھا ہے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاک فوج پر تنقید حُبّ الوطنی نہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو اپنے حقوق کے شعور سے آشنا کیا ہے۔ مفاد پرست حکمران قوم کی بیداری سے خوفزدہ ہیں۔ گو نواز گو کی آواز قومی لہر بن چکی ہے۔ فضل الرحمن نے این این اے کے ذریعے جنرل مشرف کے پانچ سال حکومت کرنے کو ممکن بنایا تھا۔ پاکستان بنانے والوں کے فکری وارثین پاکستان بچانے کے لیے میدان میں اتر چکے ہیں۔ وزیراعظم کا استعفیٰ ہی بحران کا واحد حل ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے عہدیداران و کارکنان سیلاب و بارش کے متاثرین کی امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔
انقلابی دھرنے کے شرکاء کی للکار سے شاہی محلات لرز رہے ہیں۔ تخت اسلام آباد کا دھڑن تختہ قریب ہے۔ عوام کی سرخروئی اور حکمرانوں کی رسوائی نوشتۂ دیوار ہے۔ اپنے حقوق کے لیے دھرنا دینے والوں کو خانہ بدوش کہنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔