سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل شریف خاندان کی بادشاہت ختم

Sahibzada Hamid Raza

Sahibzada Hamid Raza

اسلام آباد( خصوصی رپورٹ ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل شریف خاندان کی بادشاہت ختم کرنے کے لیے تحریک نجات چلائے گی۔ نسل در نسل حکمرانی جمہوریت نہیں موروثیت ہے۔ نواز شریف قوم کو قرض اتارو ملک سنوارو مہم کا حساب دیں۔ افغانستان سے دہشت گردوں کے پاکستانی سکیورٹی فورسز پر حملے قابل مذمت ہیں۔ پنجابی طالبان کا ہتھیار ڈالنا دفاعی اداروں کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ موجودہ بوسیدہ نظام عوام کے کسی کام کا نہیں رہا۔ طاہرالقادری اور عمران خان نے عوام دشمن نظام اور اشرافیہ کی جعلی جمہوریت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ دھرنوں سے پاکستانی قوم باشعور اور بیدار ہوئی ہے۔

نئے صوبوں کی تشکیل ملک کی ضرورت ہے۔ بھارت واٹر بم کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ غربت کی وجہ سے ہونے والی ہر خودکشی کی ایف آئی آر حکمرانوں کے خلاف درج ہونی چاہیے۔ ظالم حکمرانوں نے ہر غریب گھر کو پھانسی گھاٹ بنا دیا ہے۔ نااہل اور ناکام حکمرانوں سے نجات کے لیے ہر گھر میں دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت نے لاہور اور اسلام آباد کی دو سڑکوں پر پچاس پچاس ارب روپے خرچ کر دیئے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوام کو اپنے آئینی حقوق کا شعور دے دیا ہے۔

نواز شریف کا طیارہ ائیرپورٹ سے واپس بھیجنے والا آفتاب شیرپائو آج نواز شریف کی خوشامدیں کر رہا ہے۔ پاکستان میں غربت کو جرم بنا دیا گیا ہے۔ کرپشن اور کرپٹ کے خلاف پرامن دھرنے جمہوریت دشمنی نہیں۔ جمہوریت کے اصل دشمن دھاندلی اور کرپشن کرنے والے ہیں۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے نمائشی دوروں سے سیلاب زدگان کی امدادی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں کیونکہ ساری سرکاری مشینری حکمرانوں کے پروٹوکول اور سکیورٹی میں مصروف ہو جاتی ہے۔ اس لیے شریف برادران قوم پر رحم کرتے ہوئے نمائشی دورے بند کر کے سیلاب زدگان کے لیے عملی اقدامات پر توجہ دیں۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ پاکستان میں کروڑوں افراد خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ انتخابی نظام کی غیرشفافیت موجودہ بحران کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

0312-7722854