گو نواز گو کی عوامی پکار حقیقت میں بدلنے والی ہے: حسن رضا

Sunni Ittehad Council

Sunni Ittehad Council

فیصل آباد (جیوڈیسک) سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین صاحبزادہ حسن رضا نے کہا ہے کہ گو نواز گو کی عوامی پکار حقیقت میں بدلنے والی ہے۔ حکومت نااہلی اور ناکامی کی ہر حد عبور کر کے برائے نام باقی رہ گئی ہے۔ وزیراعظم استعفیٰ دے کر اسمبلیاں تحلیل کریں اور جمہوری اصلاحات کے لئے قومی حکومت قائم کی جائے۔

انقلاب مارچ نے قوم کو بیدار کر دیا ہے اور ڈاکٹر طاہر القادری نے قوم کو اپنے حقوق کا شعور دیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار حسنین رضا، آصف رضا قادری، قاری افضل، طارق طفیل ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج 25 اگست کو شام 5 بجے ضلع کونسل چوک میں اسلام آباد میں جاری انقلابی دھرنے کی تائید و حمایت کے لئے مظاہرہ کیا جائے گا۔ پوری قوم حکومت کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے ۔ لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کا یوم حساب قریب ہے۔