پاکستان سُنی تحریک نے5 فروری کو ملک گیر یوم یکجہتی کشمیر منایا
Posted on February 6, 2013 By Noman Webmaster اسلام آباد
راولپنڈی، اسلام آباد( جی پی آئی ) سربراہ پاکستان سُنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی اپیل پر 5 فروری کو ملک گیر یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ کے خلاف جلسے جلوس ، ریلیاں اور سیمینارمنعقدکیے گئے اورانسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی جن میں سُنی تحریک کے مرکزی صوبائی و مقامی رہنما شریک ہوئے۔
پاکستان سنی تحریک کے سینئرمرکزی رہنما محمد شاہدغوری نے مری میںایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہپاکستان کی بقاء کے لئے کشمیر کی آزادی ناگزیر ہے۔ کشمیر تاریخی جغرافیائی اورمذہبی لحاظ سے پاکستان کا حصہ ہے اس پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔بھارت نے اگر کشمیریوں کو آزادی نہ دی تو اسے ٹکڑے ٹکڑے ہونے سے کوئی نہیںروک سکتا۔اقوام متحدہ کو متعصبا نہ عینک اتار کر کشمیری مسلمانوں کوآزادی دلانی چا ہئے۔کشمیری مسلمانوں کو آزادی دئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ کشمیر کو ہر قیمت پر اقوام متحدہ کی قرارداوں اور کشمیروں کی امنگوں کے مطابق آزادی ملنا بیحد ضروری ہے۔
جڑواں شہروں میں پاکستان سُنی تحریک کے زیراہتمام مفتی لیاقت علی رضوی، ملک عبدالرئوف اورصاحبزادہ عبدالرحمن سیالوی کی قیادت میں مصریال چوک تا چوہڑچوک پشاورروڈ ایک بڑی ریلی نکالی گئی ۔مفتی لیاقت علی رضوی، ملک عبدالرئوف اور عبدالرحمن سیالوی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دیتے ہوئے دوستی کی پینگیں بڑھانے کے بجائے اپنی خارجہ پالیسی میں کشمیر کومرتکز کر کے بھارت کے مظالم کو دنیا کے سامنے لائے اور دوست ممالک کے ذریعے بھارت پر دبائو ڈالے کہ جلد از جلد مسئلے کو حل کرنے کیلئے اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع دے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے مقابلے میں معذرت خواہانہ رویہ ترک کرکے برابری کی سطح پر بات کی جائے۔