سنی تحریک کے تحت ملکی استحکام کیلئے یوم دعا منایا گیا

Sunni Tehreek

Sunni Tehreek

کراچی (جیوڈیسک) سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری کی ہدایت پر ملک بھر میں سیلاب کی تباہی سے نجات اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے ’’یوم دعا ‘‘منایا گیا، مرکز اہلسنت پر یاسلام ُکاورد ہوا، گناہوں سے توبہ اور قدرتی آفات سے محفوظ رہنے کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس مو قع پرمر کز اہلسنت میں تقریب سے خطاب میں مرکزی رہنما شاہد غوری نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں کہ جب پاکستان انتہا پسندی، دہشت گردی اور بیرونی قوتوں کی سازشوں کانشانہ بنا ہوا ہے ،سیلاب اور دیگر ناگہانی آفات نے ملک کو گھیرے میں لیا ہوا ہے،دین اسلام نرمی اور محبت کا درس دیتا ہے۔

اولیاء اﷲنے آفات اور خطرات سے نمٹنے کے لیے یاسلام اور دیگر وظائف کا ورد کرکے اﷲ کو راضی کرنے اور توبہ کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ملک کی بقا و سلامتی اور درپیش ناگہانی آفات کے شکار افراد کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں اور ہمیں اﷲ تعالیٰ کی ذات سے قوی امید ہے کہ وہ ہمیں کسی صورت مایوس نہیں کرے گا۔

شاہد غوری نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر سیلاب اور بارشوں کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے جدوجہد کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان اپنے پیارے آقا حضرت محمد مصطفیؐ کے نقش قدم پر چل کر ہی ان آفات سے بچ سکتے ہیں، آپریشن ضرب عضب میں مصروف پاک فوج دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔