سُنی تحریک کا بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج
Posted on October 5, 2013 By Tahir Webmaster اسلام آباد
اسلام آباد : سربراہ پاکستان سُنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری کی اپیل پر بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کیخلاف ملک گیریوم احتجاج منایا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد ملک بھرکے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اس سلسلے میں برف خانہ چوک راولپنڈی میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت ملک عبدالرئوف اور ڈاکٹر طیب رضا قادری نے کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے پاکستان سُنی تحریک کے رہنما ملک عبدالرئوف نے کہا کہ حکومت بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کیلئے ٹال مٹول سے کام نہ لے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے اگر عدلیہ نے ہی تمام فیصلے کرنے ہیں تو حکمرانوں کوناہلی تسلیم کرتے ہوئے مستعفی ہو جانا چاہیے۔
بجلی کی نئی قیمتوں کے تعین کیلئے دو ہفتوں کاوقت قوم سے سنگین مذاق ہے۔ حکمران اپنی ناقص حکمت عملی پر پردہ ڈالنے کیلئے عدلیہ اورقوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ڈرون حملوں، دہشتگردی، مہنگائی اوربے روزگاری کی ستائی ہوئی قوم کو ریلیف دینے کیلئے حکمرانوں کو فوری اور دو ٹوک فیصلے کرنے ہوں گے۔پاکستان سنی تحریک کینٹ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر طیب رضا نے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر پانی وبجلی نرخوں میں اضافے کیلئے بے تُکی تاویلیں پیش کررہے ہیں جوکہ 20 کروڑعوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
اگر حکومت عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کی اہلیت نہیں رکھتی تو کم از کم نمک بھی نہ چھڑکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت وقت بجلی کی قیمت بڑھانے کی بجائے لائن لاسز کو کنٹرول کرے۔ اس موقع پرسُنی تحریک کے کارکنوں نے بجلی اور پٹرولیم کے وفاقی وزراء کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور ٹائر بھی نذرِ آتش کیے۔ درایں اثناء پاکستان سُنی تحریک لاہور کے ڈویژنل صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان نے مغل پورہ میں احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول و بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا سونامی آ چکاہے۔ حکومت اپنے اخراجات اور بجٹ خسارے کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے سے باز رہے اور بجلی اور تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لے۔
پاکستان سُنی تحریک فیصل آباد سٹی کے صدر محمد آصف رضانے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں نے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے۔ حکومت تاویلوں اور اپیلوں کی بجائے سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کر تے ہوئے پٹرول و بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا ظالمانہ اضافہ واپس لے۔ خیبرپختونخوا کے صدر انعام اللہ خان نے پشاور میں سُنی تحریک اور برادرسُنی تنظیمات کے زیراہتمام نکالی گئی ایک ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیرہ سال سے بھوکا شیر نے عوام کے منہ سے آخری نوالہ تک چھیننے درپے ہے۔
انتخابات سے قبل قوم کو سبز باغ دیکھانے والوں نے اقتدار میں آ کر انھیں خودکشیاں کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ جلیل ٹائون گوجرانوالہ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر محمد اکرام بابر اورسٹی صدر حافظ طاہر رضا نے کہا کہ مہنگائی کے ڈرئون حملوں نے قوم کو زندہ درگورکر دیا ہے۔ مقبولیت کے سروے شائع کرانے والے اپنے 100 دن کا بھی سروے کرائیں۔ حکومت نے ابتدائی ایام میں ہی قوم کا رہا سہا خون نچوڑ لیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے غریب اور محنت کش افراد کو جینے کا حق دیا جائے مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے، تیل، گیس اور بجلی سستے داموں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
یوم احتجاج کے سلسلے میں علامہ وسیم عباسی نے اسلام آباد، پیر سید مبشر حسین شاہ نے گجرات ، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے سرگودھا، محمد امتیاز چٹان نے خوشاب، محمد رضا قادری نے جہلم، ڈاکٹرعمران مصطفی نے ملتان، محمد جہانگیر قادری نے سیالکوٹ، محمد وسیم قادری نے شیخوپورہ، محبوب علی سہتو نے سکھر، محمد خالد قادری نے حیدرآباد، التماس صابرنے نواب شاہ، عابد علی قادری نے بھکر، پیر سید عثمان حیدرشاہ نقوی نے حافظ آباد، میانوالی میں اکرام خان شیرانی نے مختلف احتجاجی مظاہروں، ریلیوں اور جلسوں سے خطاب کیا۔