ملک کے بیشتر علاقوں میں سورج آج بھی آگ برساتا رہا، تربت کا پارہ 50 تک جا پہنچا

Hot Weather

Hot Weather

تربت (جیوڈیسک) گرمی کی شدت نے گذشتہ کئی روز سے ملک کے اکثر علاقوں بالخصوص میدانی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اوپر سے لوڈ شیڈنگ نے گرمی سے بے حال عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ آج سب سے زیادہ گرمی تربت میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ بھکر بھی گرمی کے معاملے میں کسی سے پیچھے نہ رہا اور یہاں درجہ حرارت بھی 49 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

جب کہ شورکوٹ، سبی اور دادو میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک گرمی کے لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ ایک جانب عوام گرمی سے پریشان ہیں تو دوسری جانب وہ لوڈ شیڈنگ کا دہرا عذاب سہنے پر بھی مجبور ہیں جس کےباعث ان کے معمولات زندگی اور کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

شدید گرمی سے بے حال اور لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہریوں کی بڑی تعداد نے گرمی سے بچنے کے لئے پارکوں، نہروں، سوئمنگ پول اورواٹر پارکس کا رخ کیا۔