کراچی (جیوڈیسک) سپرہائی وے پر لگنے والی مویشی منڈی کے بیوپاریوں اور خریداری کے لیے منڈی کا رخ کرنیو الے شہریوں کے لیے رقم کی ترسیل کی محفوظ ترین سہولت متعارف کرا دی گئی ہے۔ مویشی منڈی جانیو الے شہریوں اور منڈی کے بیوپاریوں کے لیے رقم کو محفوظ رکھنا سب سے بڑا مسئلہ رہا ہے۔
تاہم اب ٹیکنالوجی اور بینکاری کی جدید سہولتوں کے امتزاج سے اس مسئلے کا حل تلاش کر لیا گیا ہے، پاکستان میں پہلی مرتبہ نجی بینک نے قربانی کارڈ متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے قربانی کے جانور خریدنیو الے شہری اپنی رقوم بینک میں جمع کراکے اسی مالیت کا کارڈ حاصل کریں گے اور جمع شدہ رقوم مویشی منڈی میں قائم خصوصی بوتھ سے حاصل کی جاسکے گی۔
اسی طرح بیوپاریوں کے لیے والٹ کارڈ جاری کیے گئے منڈی میں مویشی فروخت کرنے والے بیوپاری اپنی رقوم منڈی میں قائم خصوصی بوتھ میں جمع کراکے اسی مالیت کا والٹ کارڈ حاصل کرسکیں گے اور کسی بھی شہر میں قائم بینک کی شاخ سے اپنی رقوم حاصل کرسکیں گے۔
مویشی منڈی میں خریدوفروخت کی رقوم کی محفوظ ترسیل کی سہولت متعارف کرانیو الے تعمیر مائیکروفنانس بینک کے ہیڈ آف آپریشن سائوتھ محمد طیب خان نے بتایا کہ سپر ہائی وے پر لگنے والی مویشی منڈی ملک کی سب سے بڑی مویشی منڈی ہے جس میں لائے جانے والے جانوروں کی قیمت کا اندازہ 60 ارب روپے تک لگایا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ان کے بینک نے خریداروں اور بیوپاریوں کی سہولت کے لیے گزشتہ سال بھی خدمات فراہم کی تھیں تاہم قربانی اور والٹ کارڈ کا آئیڈیا اس مرتبہ پیش کیا گیا ہے۔
یہ کارڈ پن بیسڈ پری پیڈ کارڈ ہے جو اے ٹی ایم میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، رقوم کے لین دین کے لیے منڈی کے اندر ایک خصوصی بوتھ قائم کیا گیا ہے جو 24 گھنٹے خدمات انجام دے گا، قربانی کارڈ کی حد ایک لاکھ روپے اور والٹ کارڈ کی حد 20 لاکھ روپے تک مقرر کی گئی ہے۔
دونوں کارڈ 300 روپے کے چارجز پر جاری کیے جاتے ہیں، کارڈ کی مدت 60 روز ہے اور اس کارڈ کے ذریعے کسی بھی اے ٹی ایم سے بھی رقم نکالی جاسکتی ہے کارڈ بنوانے کے لیے بینک اکائونٹ کی بھی ضرورت نہیں ہے، کارڈ کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی پن کوڈ دیا جاتا ہے جبکہ گم ہونے کی صورت میں ہیلپ لائن پر فون کرکے کارڈ کو غیرفعال کرایا جاسکتا ہے۔
مویشی منڈی کی انتظامیہ کے مطابق منڈی میں رقوم کی باحفاظت ترسیل کیلیے دو بینکوں نے اپنی عارضی شاخیں قائم کی ہیں اس کے علاوہ منڈی کی حدود میں ابتک 2 اے ٹی ایم بھی نصب کیے جاچکے ہیں۔
منڈی میں عارضی شاخیں 24 گھنٹے کام کریں گی،زیادہ تر بیوپاری بینکوں کی شاخوں سے پے آرڈر اور ڈیمانڈ ڈرافٹ بنواتے ہیں جبکہ شہر سے آنے والے افراد اے ٹی ایم کے ذریعے رقم حاصل کرتے ہیں، منڈی کی حدود میں 200 افراد نظم و ضبط اور سیکیورٹی کے فرائض پر مامور ہیں۔