نگران حکومت کو ہر طرح سے غیر جانبدار رہنا ہے،وزیر اعظم

Prime Minister

Prime Minister

اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد نگراں وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو نے وفاقی کابینہ سے کہا ہے کہ نگران حکومت کو ہر طرح سے غیر جانبدار رہنا ہے ، اور ایسا ہوتا نظر بھی آنا چاہیے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیکیورٹی بڑھانے اور صوبائی حکومتوں کو دہشت گردی سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹنے کا میکنزم تیار کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بلوچستان اور پشاور میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں جاں بحق ہونے و الوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، میر ہزار خان کھوسو نے کہا کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں سے کہا ہے کہ مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں ،امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ میر ہزار خان کھوسو نے نگراں وفاقی کابینہ سے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کام کریں اور خود کو سیاسی جماعتوں کے امور سے دور رکھا جائے ، نگراں حکومت کا الیکشن کے انعقاد کے لیے ایک نکاتی مینڈیٹ ہے۔

آزاد، شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی مدد کرنا انتہائی اہم ذمہ داری ہے ۔ میر ہزار خان کھوسو نے کہا کہ نگراں حکومت تمام سیاسی جماعتوں سے بلا امتیاز رابطے کر رہی ہے تاکہ شفاف انتخابات کے لیے ماحول سازگار بنایا جا سکے، انہوں نے زور دیا کہ نگراں حکومت کی غیر جانبداری پر کسی قسم کے سوال نہیں اٹھنے چاہئیں۔