شیخوپورہ (جیوڈیسک) پی پی 162 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ نواز کے حسان نواز اور آزاد امیدوار عثمان نثار پنوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا۔ پی پی 162 شیخوپورہ کے ضمنی انتخابات کے غیرحتمی، غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق مسلم لیگ نواز کے حسان ریاض نے 39 ہزار 816 ووٹ لے کر میدان مار لیا جبکہ آزاد امیدوار عثمان نثار پنوں نے 20112 ووٹ حاصل کیے۔
نتائج موصول ہوتے ہی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حسان ریاض کے حامی آپے سے باہر ہو گئے۔ جیت کا نشہ چڑھا تو قاعدے اور ضابطے سب بھول گئے۔ اسلحہ بردار متوالوں نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔ (ن) لیگی امیدوار کے ڈیرے پر جشن کے دوران ہوائی فائرنگ سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔ قانون کے محافظ بھی کارروائی کے بجائے صورتحال انجوائے کرتے رہے۔
آزاد امیدوار نثار پنوں کی شکست پر (ن) لیگی کارکنوں نے زبردست آتش بازی بھی کی اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حسان ریاض کے حامیوں کی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کی سرزنش کی اور ملزموں کی گرفتاری کی ہدایت بھی کی ہے۔