فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے حوالے سے فوری اقدامات کرتے ہوئے عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔ نشاط ضیاء قادری

کراچی : رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کا شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے عوامی شکایات پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی نمبر5سمیت متعدد علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے عوامی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ فوری اقدامات کرتے ہوئے عوام کو فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلا یا جائے انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران سے کہاکہ وہ میونسپل قوانین پر عمل درآمد کرتے ہوئے فراہمی و نکاسی آب کے غیر قانونی اور بغیر اجازت کنکشن لینے والوں اور پانی چوری کرکے عوام کو مسائل سے دو چار کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کریں۔

نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ ہر گھر میں عوام تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے عوامی شکایات کے ازالے کے لئے متعلقہ ادارے فوری اقدامات کریں اور عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلا ئیں مختلف علاقوں کے دور ے پر عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ حق پرست قیادت عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لارہی ہے انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے تمام علاقوں میں مسائل سے پاک معاشرے کا قیام اور عوام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنا ئیں گے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی نمبر5کے مختلف علاقوں میں سیوریج سسٹم کی ابتر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی سیوریج فلو کو فوری درست کیا جائے اور ہنگامی بنیادوں پر سڑکوں اور گلیوں کو صاف کیا جائے۔