اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے 35 لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے حکومت کو آج تک کی مہلت دی ہے، مزید 20 افراد کی بازیابی کے حکم پر عمل نہ کرنے پر وزیراعظم ، وزیراعلیٰ اور گورنر خیبرپختونخوا کو توہین عدالت کا نوٹس صبح تک روک لیا ہے۔
جسٹس جواد خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے لاپتاافراد کیس کی سماعت کی۔ اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے عدالت کو بتایا کہ لاپتہ افراد سے متعلق جسٹس ریٹائرڈ اجمل کی سربراہی میں کمیشن بنارہے ہیں، جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ عدالت کمیشن کو نہیں مانتی لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق فیصلے پر عمل کیا جائے۔
سپریم کورٹ نے لاپتا افراد کو بازیاب نہ کرانے اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر جب وزیر اعظم ، وزیر اعلٰی اور گورنر کے پی کے کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرنے سے متعلق حکم لکھوانا شروع کیا تواٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ مزیدایک مہلت دی جائے۔ اس پر عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو آج صبح ساڑھے نو بجے تک کا وقت دے دیا۔