اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کیچیئرمین اور اراکین کی تقرری کیلیے حکومت کو مزید وقت دینے کی درخواست مسترد کر دی، چیئرمین پی ٹی اے اور اراکین کی بلا تاخیر تقرری کا حکم۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے تھری جی لائسنس کی نیلامی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
حکومت کی جانب سے استدعا کی گئی کہ چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور ممبران پی ٹی اے کی تقرری کیلیے مزید وقت دیا جائے۔عدالت عظمی نے حکومتی درخواست مسترد کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے اور اراکین کی بلا تاخیر تقرری کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی جیسا اہم ادارہ غیر فعال ہو چکا ہے۔
عدالت چیئرمین پی ٹی اے اور ممبران کی تقرری کیلیے حکومت کو کافی وقت دے چکی ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے اور اراکین کی عدم تعیناتی سے قومی خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے، حکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتے۔