سپریم کورٹ نے ایس ای سی پی کے چیرمین محمد علی غلام محمد کے تقرر کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے اسے کالعدم قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ایس ای سی پی کے دفعہ پانچ آئین سے متصادم ہے جو یہ کہتی ہے کہ اگر بورڈ نہ بھی مکمل ہو تو ایس ای سی پی کی ساخت پر اثر نہیں پڑے گا۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو حکم دیا ہے کہ نئے چیرمین کا تقرر آئینی دفعات کو مدنظررکھتے ہوئے فوری طور پر کیا جائے۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ فیصلے کی نقل ایس ای سی پی بورڈ کے تمام اراکین کو مہیا کی جائے اور ادارے کی کارکردگی کی رپورٹ پینتالیس دن کے اندر عدالت میں جمع کرائی جائے۔ اس کے علاوہ فیصلے کی نقل سیکریٹری وزارت خزانہ کو بھی ارسال کی جائے تاکہ سیکریٹری اس پٹیشن اور اس کے فیصلے کی روشنی میں ادارے کے معاملات پر نظر رکھیں۔