اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں کٹاس راج کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے صدیق الفاروق کا بطور چئیرمین متروکہ وقف املاک کا ریکارڈ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ صدیق الفارق کی مدت ختم ہو چکی ہے، نئے چئیرمین کی سمری جلد بھیج دی جائے گی۔ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ سمری موو کریں لیکن صدیق الفاروق کو فارغ کریں۔
عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ صدیق الفاروق چیئرمین متروکہ وقف املاک کا عہدہ سنبھالنے کے اہل نہیں، چیئرمین نے عدالتی اختیارات استعمال کرنا ہوتے ہیں، نئے چیئرمین کی تقرری میں یہ بات مدنظر رکھی جائے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں صدیق الفاروق کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے مجھے اپنی پروفائل دینے کا کہا تھا، میں نے سکول دور سے اب تک کی اپنی پروفائل دے دی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ آپ کوالیفائی نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل میں جاؤں گا۔