اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت آج پھر ہوگی۔ سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن سے متعلق حکومت کا آج جواب نہ آیا، توعدالت واضح حکم جاری کرے گی۔
ادھر الیکشن کمیشن نے 25جولائی کو انتخابات کا انعقاد ناممکن قرار دے دیا ہے۔ کل دوران سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ حکومت کی یقین دہانی پر انتخابات کرانے کا حکم دے کر بہت بڑی غلطی کی، انتخابات نہیں ہوسکتے تو بتادیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ سینیٹ کا اجلاس جاری ہے، یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔
عدالت کا کہنا ہے کہ آج بدھ تک حکومت کا جواب نہ آیا، توعدالت واضح حکم جاری کرےگی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لئے 42 لاکھ بیلٹ پیپر درکار ہیں، جو 24جولائی تک پرنٹ نہیں ہو سکتے۔
کیونکہ 24 جولائی کی شام یہ بیلٹ پیپر پولنگ اسٹاف تک پہنچانا ضروری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں بیلٹ پیپرز کا چھپنا ناممکن ہے۔ عید کے موقع پر 5 چھٹیوں کی وجہ سے حالات مزید خراب نظر آتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔